مواد پر جائیں
Quran Maqasid

سورہ آلِ عمران آیت 45 پر تفسیر عثمانی

تفسیر عثمانی، از شیخ الاسلام مولانا شبیر احمد عثمانی

إِذْ قَالَتِ ٱلْمَلَـٰٓئِكَةُ يَـٰمَرْيَمُ إِنَّ ٱللَّهَ يُبَشِّرُكِ بِكَلِمَةٍ مِّنْهُ ٱسْمُهُ ٱلْمَسِيحُ عِيسَى ٱبْنُ مَرْيَمَ وَجِيهًا فِى ٱلدُّنْيَا وَٱلْـَٔاخِرَةِ وَمِنَ ٱلْمُقَرَّبِينَ ﴿٤٥﴾
آیت، اس کے الفاظ اور ترجمہ

تفسیر اپنے مصنف کی قراءت ہے، جیسے اس نے لکھی ویسے ہی پیش کی گئی ہے۔ ہمارا منہج

عیسٰی ابن مریم علیہ السلام کی بشارت کلمۃ اللہ کی تشریح

حضرت مسیحؑ کو یہاں اور قرآن و حدیث میں کئ جگہ "کلمۃاللہ" فرمایا ہے اِنَّمَا الۡمَسِیۡحُ عِیۡسَی ابۡنُ مَرۡیَمَ رَسُوۡلُ اللّٰہِ وَ کَلِمَتُہٗ ۚ اَلۡقٰہَاۤ اِلٰی مَرۡیَمَ وَ رُوۡحٌ مِّنۡہُ (نساء۔۱۷۱) یوں تو اللہ کے کلمات بےشمار ہیں جیسا کہ دوسری جگہ فرمایا قُلۡ لَّوۡ کَانَ الۡبَحۡرُ مِدَادًا لِّکَلِمٰتِ رَبِّیۡ لَنَفِدَ الۡبَحۡرُ قَبۡلَ اَنۡ تَنۡفَدَ کَلِمٰتُ رَبِّیۡ وَ لَوۡ جِئۡنَا بِمِثۡلِہٖ مَدَدًا (کہف۔۱۰۹) لیکن بالتخصیص حضرت مسیحؑ کو "کلمۃاللہ" (اللہ کا حکم) کہنا اس حیثیت سے ہے کہ ان کی پیدائش باپ کے توسط کے بدون عام سلسلہ اسباب کے خلاف محض خدا کے حکم سے ہوئی۔ اور جو فعل عام اسباب عادیہ کے سلسلہ سے خارج ہو، عمومًا اس کی نسبت براہ راست حق تعالیٰ کی طرف کر دی جاتی ہے۔ جیسے فرمایا وَ مَا رَمَیۡتَ اِذۡ رَمَیۡتَ وَلٰکِنَّ اللّٰہَ رَمٰی (انفال۔۱۷) (تنبیہ) "مسیح" اصل میں عبرانی میں "ماشیح" یا "مشیحا" تھا۔ جس کے معنی مبارک کے ہیں۔ معرب ہو کر "مسیح" بن گیا باقی دجال کو جو مسیح کہا جاتا ہے بالاجماع عربی لفظ ہے جس کی وجہ تسمیہ اپنے موقع پر کئ طرح بیان کی گئ ہے۔ "مسیح" کا دوسرا نام یا لقب "عیسٰی" ہے۔ یہ اصل عبرانی میں "ایشوع" تھا۔ معرب ہو کر "عیسٰی" بنا جس کے معنی سیّد کے ہیں۔ یہ بات خاص طور پر قابل غور ہے کہ قرآن کریم نے یہاں "ابن مریم" کو حضرت مسیحؑ کے لئے بطور جزء علم کے استعمال کیا ہے۔ کیونکہ خود مریمؑ کو بشارت سناتے وقت یہ کہنا کہ تجھے "کلمۃاللہ" کی خوشخبری دی جاتی ہے جس کا نام "مسیح عیسٰی ابن مریم" ہو گا۔ عیسٰی کا پتہ بتلانے کے لئے نہ تھا۔ بلکہ اس پر متنبہ کرنا تھا کہ باپ نہ ہونے کی وجہ سے اس کی نسبت صرف ماں ہی کی طرف ہوا کرے گی۔ حتیٰ کہ لوگوں کو خدا کی یہ آیت عجیبہ ہمیشہ یاد دلانے اور مریمؑ کی بزرگی ظاہر کرنے لے لئے گویا نام کا جز بنا دی گئ۔ ممکن تھا کہ حضرت مریمؑ کو بمقتضائے بشریت یہ بشارت سن کر تشویش ہو کہ دنیا کس طرح باور کرے گی کہ تنہا عورت سے لڑکا پیدا ہو جائے۔ ناچار مجھ پر تہمت رکھیں گے۔ اور بچے کو ہمیشہ برے لقب سے مشہور کر کے ایذا پہنچائیں گے۔ میں کس طرح برات کروں گی، اس لئے آگے وَجِیۡہًا فِی الدُّنۡیَا وَ الۡاٰخِرَۃِ کہہ کر اطمینان کر دیا کہ خدا اس کو نہ صرف آخرت میں بلکہ دنیا میں بھی بڑی عزت و وجاہت عطا کرے گا۔ اور دشمنوں کے سارے الزام جھوٹے ثابت کر دے گا۔ "وجہیہ" کا لفظ یہاں ایسا سمجھو جیسے موسٰیؑ کے متعلق فرمایا یٰۤاَیُّہَا الَّذِیۡنَ اٰمَنُوۡا لَا تَکُوۡنُوۡا کَالَّذِیۡنَ اٰذَوۡا مُوۡسٰی فَبَرَّاَہُ اللّٰہُ مِمَّا قَالُوۡا ؕ وَ کَانَ عِنۡدَ اللّٰہِ وَجِیۡہًا (احزاب۔۶۹) گویا جو لوگ "وجہیہ" کہلاتے ہیں ان کو حق تعالیٰ خصوصی طور پر جھوٹے طعن و تشنیع یا الزامات سے بری کرتا ہے حضرت مسیحؑ کے نسب پر جو خبیث باطن طعن کریں گے یا خدا کو یا کسی انسان کو جھوٹ موٹ ان کا باپ بتلائیں گے یا خلاف واقع ان کو مصلوب و مقتول یا بحالت زندگی مردہ کہیں گے یا الوہیت و انبیت وغیرہ کے باطل عقائد کی مشرکانہ تعلیم ان کی طرف منسوب کریں گے۔ اس طرح کے تمام الزامات سے حق تعالیٰ دنیا و آخرت میں علانیہ بری ظاہر کر کے ان کی وجاہت و نزاہت کا علیٰ روس الاشہاد اظہار فرمائے گا۔ جو وجاہت ان کو ولادت و بعثت کے بعد دنیا میں حاصل ہوئی اس کی پوری پوری تکمیل نزول کے بعد ہو گی۔ جیسا کہ اہل اسلام کا اجمالی عقیدہ ہے پھر آخرت میں خصوصیت کے ساتھ ان سے ءَاَنۡتَ قُلۡتَ لِلنَّاسِ اتَّخِذُوۡنِیۡ (المائدہ۔۱۱۶) الخ کا سوال کر کے اور انعامات خصوصی یاد دلا کر تمام اولین و آخرین کے روبرو وجاہت و کرامت کا اظہار ہو گا ۔ جیسا کہ سورۂ "مائدہ" میں مذکور ہے اور نہ صرف یہ کہ دنیا و آخرت میں باوجاہت ہو ں گے بلکہ خدا تعالیٰ کے اخص خواص مقربین میں ان کا شمار ہو گا۔