گود میں باتیں کرنے کی پیشنگوئی
یعنی نہایت شائستہ اور اعلیٰ درجے کے نیک ہوں گے اور اول ماں کی گود میں پھر بڑے ہو کر عجیب و غریب باتیں کریں گے۔ ان الفاظ سے فی الحقیقت مریمؑ کی پوری تسکین کر دی گئ۔ گذشتہ بشارات سے ممکن تھا یہ خیال کرتیں کہ وجاہت تو جب کبھی حاصل ہو گی، مگر یہاں تو ولادت کے بعد ہی طعن و تشنیع کا ہدف بننا پڑے گا۔ اس وقت برأت کی کیا صورت ہوگی۔ اس کا جواب دے دیا کہ گبھراؤ نہیں، تم کو زبان ہلانے کی ضرورت نہ پڑے گی، بلکہ تم کہہ دینا کہ میں نے آج روزہ رکھ چھوڑا ہے کلام نہیں کر سکتی۔ بچہ خود جواب دہی کر لے گا۔ جیسا کہ سورۂ "مریم" میں پوری تفصیل آئے گی۔ بعض محرفین نے کہا ہے کہ وَ یُکَلِّمُ النَّاسَ فِی الۡمَہۡدِ وَ کَہۡلًا الخ سے صرف مریم کی تسلی کرنی تھی کہ لڑکا گونگا نہ ہوگا۔ تمام لڑکوں کی طرح بچپن اور کہولت میں کلام کرے گا۔ لیکن عجیب بات ہے کہ محشر میں بھی لوگ حضرت عیسٰیؑ کو یوں خطاب کریں گے ۔ یا عیسٰی أنت رسول اللّٰہ و کلمۃٗ القاھا الی مریم و روحٍ منہ و کلمت الناس فی المہد صبیاً اور خود حق تعالیٰ بھی قیامت کے دن فرمائیں گے اذۡکُرۡ نِعۡمَتِیۡ عَلَیۡکَ وَ عَلٰی وَالِدَتِکَ ۘ اِذۡ اَیَّدۡتُّکَ بِرُوۡحِ الۡقُدُسِ ۟ تُکَلِّمُ النَّاسَ فِی الۡمَہۡدِ وَ کَہۡلًا (المائدۃ۔۱۱۰) کیا وہاں بھی اس خاص نشان کا بیان فرمانا اسی لئے ہے کہ مریمؑ کو اطمینان ہو جائے کہ لڑکا گونگا نہیں، عام لڑکوں کی طرح بولنے والا ہے۔ اعاذنا للہ من الغوایۃ والضلالۃ۔