مواد پر جائیں
Quran Maqasid

سورہ سبا آیت 16 پر تفسیر عثمانی

تفسیر عثمانی، از شیخ الاسلام مولانا شبیر احمد عثمانی

فَأَعْرَضُوا۟ فَأَرْسَلْنَا عَلَيْهِمْ سَيْلَ ٱلْعَرِمِ وَبَدَّلْنَـٰهُم بِجَنَّتَيْهِمْ جَنَّتَيْنِ ذَوَاتَىْ أُكُلٍ خَمْطٍ وَأَثْلٍ وَشَىْءٍ مِّن سِدْرٍ قَلِيلٍ ﴿١٦﴾
آیت، اس کے الفاظ اور ترجمہ

تفسیر اپنے مصنف کی قراءت ہے، جیسے اس نے لکھی ویسے ہی پیش کی گئی ہے۔ ہمارا منہج

سَیل عرم کا واقعہ

یعنی نصیحتوں کو خاطر میں نہ لائے اور منعم حقیقی کی شکر گذاری سے منہ موڑے رہے۔ تب ہم نے پانی کا عذاب بھیج دیا۔ وہ بند ٹوٹا تمام باغات اور زمینیں غرقاب ہو گئیں اور ان اعلیٰ درجہ کے نفیس میووں اور پھلو ں کی جگہ نکمے درخت اور جھاڑ جھنکاڑ رہ گئے جہاں انگور، چھوارے اور قسم قسم کی نعمتیں پیدا ہوتی تھیں اب وہاں پیلو، جھاؤ، کسیلے اور بدمزہ پھل والے درختوں کےسوا کچھ نہ تھا۔ جن میں بہترین چیز تھوڑی سے جھڑبیریوں کو سمجھ لو۔ یہ واقعہ حضرت مسیحؑ اور نبی کریم ﷺ کے درمیانی عہد کا ہے۔ محققین آثار قدیمہ کو ابرہۃ الاشرم کے زمانہ کا ایک بہت بڑا کتبہ سد عرم کی بقیہ دیوار پر ملا ہے اس میں اس بند کے ٹوٹنے کا ذکر ہے۔ مگر یہ غالبًا اس واقعہ کے بعد ہوا جس کا ذکر قرآن میں ہے۔ واللہ اعلم۔ حضرت شاہ صاحبؒ لکھتے ہیں "جب اللہ نے چاہا عذاب بھیجے گھونس پیدا ہوئی اس پانی کے بند میں اس کی جڑ کرید ڈالی، ایک بار پانی نے زور کیا، بند کو توڑ ڈالا۔ وہ پانی عذاب کا تھا جس زمین پر پھر گیا کام سےجاتی رہی کہتے ہیں کہ بند ٹوٹنے کی پیشینگوئی ایک کاہن نے کی تھی اس پر بہت لوگ وطن چھوڑ کر ادھر ادھر چلے گئے، جو باقی رہے انہیں ان باغوں کے بدلہ یہ نکمی اور کڑوی کسیلی چیزیں ملیں، واللہ تعالیٰ اعلم۔