مواد پر جائیں
Quran Maqasid

سورہ مومن آیت 46 پر تفسیر عثمانی

تفسیر عثمانی، از شیخ الاسلام مولانا شبیر احمد عثمانی

ٱلنَّارُ يُعْرَضُونَ عَلَيْهَا غُدُوًّا وَعَشِيًّا ۖ وَيَوْمَ تَقُومُ ٱلسَّاعَةُ أَدْخِلُوٓا۟ ءَالَ فِرْعَوْنَ أَشَدَّ ٱلْعَذَابِ ﴿٤٦﴾
آیت، اس کے الفاظ اور ترجمہ

تفسیر اپنے مصنف کی قراءت ہے، جیسے اس نے لکھی ویسے ہی پیش کی گئی ہے۔ ہمارا منہج

انکو صبح و شام دوزخ کا ٹھکانہ دکھایا جاتا ہے

یعنی دوزخ کا ٹھکانا جس میں وہ قیامت کے دن داخل کئے جائیں گے۔ ہر صبح و شام انکو دکھلا دیا جاتا ہے ۔ تا نمونہ کے طور پر اس آنے والے عذاب کا کچھ مزہ چکھتے رہیں۔ یہ عالم برزخ کا حال ہوا ۔ احادیث سے ثابت ہے کہ اسی طرح ہر کافر کے سامنے دوزخ اور ہر مومن کےسامنے جنت کا ٹھکانہ روزانہ صبح و شام پیش کیا جاتا ہے ۔ (تنبیہ) آٰیہ ہذا سے صرف فرعونیوں کا عالم برزخ میں معذب ہونا ثابت ہوا تھا۔ اسکے بعد حضور ﷺ کو معلوم کرایا گیا کہ جملہ کفار بلکہ عصاۃ مومنین بھی برزخ میں معذب ہوتے ہیں (اعاذنا اللہ منہ) کما ورد فی الاحادیث انصحیحۃ۔ اور بعض آثار سے ظاہر ہوتا ہے کہ جس طرح جنتیوں میں سے شہداء کی روحیں "طیور خضر" کے "حواصل" میں داخل ہو کر جنت کی سیر کرتی ہیں اسی طرح دوزخیوں میں سے فرعونیوں کی ارواح کو "طیُور سوء" کے "حواصل" میں داخل کر کے ہر صبح و شام دوزخ کی طرف بھیجا جاتا ہے۔ (البتہ ارواح کا مع ان کے اجساد کے جنت یا دوزخ میں اقامت پذیر ہونا یہ آخرت میں ہوگا) اگر یہ صحیح ہو تو فرعونیوں کے متعلق اَلنَّارُ یُعْرَضُوْنَ عَلَیْھَا غُدْوًّا وَّعَشِیًّا اور عام دوزخیوں کے متعلق حدیث عُرِضَ عَلَیْہِ مَقْعَدُہٗ بِالْغَدَاۃِ وَالعَشِیّ کے الفاظ کا تفاوت شاید اسی بناء پر ہو گا۔ واللہ تعالیٰ اعلم۔