حضرت مسیح علیہ السلام کی الوہیت کا ابطال
یعنی مسیحؑ کے علاہ خدا کوئی اور چیز نہیں۔ کہتے ہیں کہ یہ عقیدہ نصاریٰ میں سے "فرقہ یعقوبیہ" کا ہے جن کے نزدیک مسیحؑ کے قالب میں خدا حلول کئے ہوئے ہے (معاذ اللہ) یا یوں کہا جائے کہ جب "نصاریٰ" حضرت مسیحؑ کی نسبت "الوہیت" کے قائل ہیں اور ساتھ ہی توحید کا بھی زبان سے اقرار کرتے جاتے ہیں یعنی خدا ایک ہی ہے تو ان دونوں دعووں کا لازمی نتیجہ یہ ہے کہ ان کے نزدیک مسیحؑ کے سوا کوئی خدا نہ ہو۔ بہرحال کوئی صورت لی جائے اس عقیدہ کے کفر صریح ہونے میں کیا شبہ ہو سکتا ہے۔
یعنی اگر فرض کرو خدائے قادر و قہار یہ چاہے کہ حضرت مسیحؑ اور مریم اور اگلے پچھلے کل زمین پر بسنے والوں کو اکٹھا کر کے ایک دم میں ہلاک کر دے تو تم ہی بتلاؤ کہ اس کا ہاتھ کون پکڑ سکتا ہے یعنی ازل و ابد کے سارے انسان بھی اگر فرض کرو مجتمع کر دیے جائیں اور خدا ایک آن میں سب کو ہلاک کرنا چاہے تو سب کی اجتماعی قوت بھی خدا کے ارادہ کو تھوڑی دیر کے لئے ملتوی نہیں کر سکتی۔ کیونکہ مخلوقات کی قدرت جو عطائی اور محدود ہے۔ خدا کی ذاتی اور لامحدود قوت کے مقابلہ میں عاجز محض ہے جس کا اعتراف خود وہ لوگ بھی کرتے ہیں جن کے رد میں یہ خطاب کیا جارہا ہے بلکہ خود مسیحؑ بن مریم بھی جن کو یہ لوگ خدا بنا رہے ہیں، اس کے معترف ہیں۔ چنانچہ مرقس کی انجیل میں حضرت مسیحؑ کا یہ مقولہ موجود ہے "اے باپ ہر چیز تیری قدرت کے تحت میں ہے تو مجھ سے یہ (موت) کا پیالہ ٹلا دے اس طرح نہیں جو میں چاہتا ہوں بلکہ اس طرح جیسے تیرا ارادہ ہے"۔ پس جب حضرت مسیحؑ جن کو تم خدا کہتے ہو اور ان کی والدہ ماجدہ مریم صدیقہ جو تمہارے زعم میں خدا کی ماں ہوئیں وہ دونوں بھی تمام من فی الارض کے ساتھ ملکر خدا کی مشیت و ارادہ کے سامنے عاجز ٹھہرے تو خود سوچ لو کہ ان کی یا ان کی والدہ یا کسی اور مخلوق کی نسبت خدائی کا دعویٰ کرنا کس قدر گستاخی اور شوخ چشمی ہو گی۔ آیۃ کی اس تقریر میں ہم نے "ہلاک" کو "موت" کے معنی میں لیا ہے مگر "جمیعًا" کے لفظ کی تھوڑی سی وضاحت کر دی۔ جو مدلول لفظ "جمیعًا" کا ہم نے بیان کیا وہ ائمہ عربیۃ کی تصریحات کے عین موافق ہے۔ اس کے سوا یہ بھی ممکن ہے کہ آیۃ میں "ہلاک" کے معنی "موت" کے نہ لئےجائیں جیسا کہ راغب نے لکھا ہے کبھی "ہلاک" کے معنی ہوتے ہیں "کسی چیز کا مطلقًا اور نیست و نابود ہو جانا"۔ مثلًا کُلُّ شَیۡءٍ ہَالِکٌ اِلَّا وَجۡہَہٗ (القصص۔۸۸) یعنی خدا کی ذات کے سوا ہر چیز نابود ہونے والی ہے۔ اس معنی پر آیت کا مطلب یہ ہو گا کہ اگر خدائے قدیر حضرت مسیحؑ اور ان کی والدہ اور تمام من فی الارض کو قطعًا نیست و نابود اور بالکلیہ فنا کر ڈالنے کا ارادہ کر لے تو کون ہے جو اس کے ارادہ کو روک دے گا اوست سلطاں ہر چہ خواہدآں کند، عالمے رادردمے ویراں کند۔ حضرت شاہ صاحبؒ تحریر فرماتے ہیں کہ اللہ تعالیٰ کسی جگہ نبیوں کے حق میں ایسی بات فرماتے ہیں تا ان کی امت بندگی کی حد سے زیادہ نہ چڑھادے۔ والا نبی اس لائق کا ہے کو ہیں کہ ان کے مرتبہ عالی اور وجاہت عنداللہ کا خیال کرتے ہوئے ایسا خطاب کیا جاتا۔
جو چاہے اور جس طرح چاہے ۔ مثلًا حضرت مسیحؑ کو بدون باپ کے حضرت حواؑ کو بدون ماں کے اور حضرت آدمؑ کو بدون ماں اور باپ کے پیدا کر دیا۔
کسی کا زور اس کے سامنے نہیں چل سکتا۔ سب اخیار و ابرار بھی وہاں مجبور ہیں۔