یہود و نصاریٰ کا ابناء اللہ ہونے کا دعویٰ
شاید اپنے کو "بیٹے" یعنی اولاد اس کے لئے کہتے ہوں کہ ان کی "بائیبل" میں خدا نے اسرائیل (یعقوبؑ) کو اپنا پہلوٹا بیٹا اور اپنے کو اس کا باپ کہا ہے۔ ادھر نصاریٰ حضرت مسیحؑ کو "ابن اللہ" مانتے ہیں تو اسرائیل کی اولاد اور حضرت مسیحؑ کی امت ہونے کی وجہ سے غالبًا "ابناءاللہ" کا لفظ اپنی نسبت استعمال کیا ہو گا اور یہ بھی ممکن ہے کہ "بیٹا" کہنے سے مراد یہ ہو کہ ہم خدا کے خواص ا ور محبوب ہونے کی وجہ سے گویا اولاد ہی جیسے ہیں۔ اس صورت میں "ابناء" کا حاصل وہ ہی ہو جائے گا جو لفظ "احبار" کا ہے۔
چونکہ کسی مخلوق کا حقیقۃً "ابن اللہ" ہونا بالکل محال اور بدیہی البطلان ہے اور خدا کا محبوب بن جانا ممکن تھا یُّحِبُّہُمۡ وَ یُحِبُّوۡنَہٗۤ (مائدہ۔۵۴) اس لئے اس جملہ میں اول محبوبیت (پیارے ہونے) کے دعوے کا رد کیا گیا یعنی جو قوم علانیہ بغاوتوں اور شدید ترین گناہوں کی بدولت یہاں بھی کئ طرح کی رسوائیوں اور عذاب میں گرفتار ہو چکی اور آخرت میں بھی حبس دوام کی سزا کا عقلًا و نقلًا استحقاق رکھتی ہے۔ کیا ایسی باغی و عاصی قوم کی نسبت ایک لمحہ کے لئے بھی کوئی ذی شعور یہ خیال کر سکتا ہے کہ وہ خدا کی محبوب اور پیاری ہو گی؟ خدا سے کسی کا نسبی رشتہ نہیں۔ اس کا پیار اور ا سکی محبت صرف اطاعت اور حسن عمل سے حاصل ہو سکتی ہے ایسے کٹر مجرموں کو جو سخت سے سخت سزا کے مستحق اور مورد بن چکے ہوں شرمانا چاہئے کہ وہ نَحۡنُ اَبۡنٰٓؤُا اللّٰہِ وَ اَحِبَّآؤُہٗ کا دعویٰ کریں۔ حضرت نوحؑ کے بیٹے کو باوجودیکہ ان کا صلبی بیٹا تھا خدا نےفرما دیا اِنَّہٗ لَیۡسَ مِنۡ اَہۡلِکَ ۚ اِنَّہٗ عَمَلٌ غَیۡرُ صَالِحٍ (ہود۔۴۶)
"بشر" اصل لغت میں کھال کی اوپر والی سطح کو کہتےہیں۔ تھوڑی سی مناسبت سے آدمی کو بشر کہنے لگے۔ شاید اس لفظ کے یہاں اختیار کرنے میں یہ نکتہ ہو کہ تم کو خدا کا بیٹا اور پیارا تو درکنار، شریف اور ممتاز انسان بھی نہیں کہا جا سکتا۔ صرف بشرہ اور شکل و صورت کے لحاظ سے خدا کے پیدا کئے ہوئے ایک معمولی آدمی کہلائے جاسکتے ہو جن کی پیدائش بھی اسی معتاد طریقہ سے ہوئی ہے جس طرح عام انسانوں کی ہوتی ہے پھر بھلا ابنیت کا وہم کدھر سے راہ پا سکتا ہے۔
کیونکہ وہ ہی جانتا ہے کہ کون بخشنے کے لائق ہے اور کسے سزا دی جائے۔
تو جسے وہ اپنی رحمت اور حکمت سے معاف کرنا چاہے یا عدل و انصاف سے سزا دینا چاہے اس میں کون مزاحم ہو سکتا ہے نہ کسی مجرم کے لئے یہ گنجائش ہے کہ اس کے قلمرو آسمان و زمین سے باہر نکل جائے اور نہ یہ کہ مرنے کے بعد دوسری زندگی میں کہیں اور بھاگ جائے۔