اہل انجیل سےخطاب
یا تو عیسائی جو نزول انجیل کے وقت موجود تھے انکو یہ حکم دیا گیا تھا اسی کو یہاں نقل فرما رہے ہیں اور ہو سکتا ہے کہ نزول قرآن کے وقت جو عیسائی مخاطب تھے ان سےکہا گیا ہو کہ جو کچھ انجیل میں اللہ تعالیٰ نےاتارا ہے اس کے موافق ٹھیک ٹھیک حکم کریں۔ یعنی ان پیشن گوئیوں کو چھپانے یا لغو اور مہمل تاویلات سے بدلنے کو کوشش نہ کریں جو انجیل میں پیغمبر آخر الزماں اور مقدس فارقلیط کی نسبت حضرت مسیحؑ کی زبانی کی گئ ہیں۔ یہ خدا تعالیٰ کی سخت نافرمانی ہو گی کہ جس ہادی جلیل اور مصلح عظیم کے متعلق حضرت مسیحؑ یہ فرمائیں کہ جب وہ روح حق آئے گی تو تمہیں سچائی کی ساری راہیں بتائے گی۔ اسی کی تکذیب پر کمر بستہ ہو کر اپنے لئے ابدی خسران قبول کرو۔ کیا مقدس مسیحؑ اور اس کے پروردگار کی فرمانبرداری کے یہ ہی معنی ہیں۔