گذشتہ اقوام پر عذاب کا حال
یعنی جب ان کے ظلم و عدوان اور کفر و عصیان کی حد ہو چکی، تو دنیا کی لذات و شہوات میں منہمک اور عذاب الہٰی سے بالکل بےفکر ہو کر خواب استراحت کے مزے لینے لگےکہ یکایک ہمارے عذاب نے آ دبوچا۔ پھر ہلاکت آفرینیوں کے اس دہشتناک منظر اور ہنگامہ داروگیر میں ساری طمطراق بھول گئے چاروں طرف سے اِنَّا کُنَّا ظٰلِمِیْنَ کی چیخ و پکار کے سوا کچھ سنائی نہ دیتا تھا۔ گویا اس قت انہیں واضح ہوا اور اقرار کرنا پڑا کہ خدا کسی پر ظلم نہیں کرتا، ہم خود ہی اپنی جانوں پر ظلم کرتے ہیں۔ (تنبیہ) فَجَآءَہَا بَاۡسُنَا کی "فاء" میں مفسرین کے کئ قول ہیں، غالبًا مترجم محقق قدس سرہٗ نے اس کو "اھلکنٰھا" کی تفسیر و تفصیل قرار دیا ہے۔ جیسے کہا جائے "توضا فغسل وجھہٗ وذراعیہ" (فلاں شخص نے وضو کیا تو دھویا چہرہ اور ہاتھ وغیرہ) اس مثال میں منہ ہاتھ دھونا وضو کرنے ہی کی تفصیل و تفسیر ہے اسی طرح یہاں ہلاک کرنے کی تفسیر و تفصیل کیفیت عذاب کے بیان سے ہو گئ۔ واللہ اعلم۔