مواد پر جائیں
Quran Maqasid

سورہ نوح آیت 4 پر تفسیر عثمانی

تفسیر عثمانی، از شیخ الاسلام مولانا شبیر احمد عثمانی

يَغْفِرْ لَكُم مِّن ذُنُوبِكُمْ وَيُؤَخِّرْكُمْ إِلَىٰٓ أَجَلٍ مُّسَمًّى ۚ إِنَّ أَجَلَ ٱللَّهِ إِذَا جَآءَ لَا يُؤَخَّرُ ۖ لَوْ كُنتُمْ تَعْلَمُونَ ﴿٤﴾
آیت، اس کے الفاظ اور ترجمہ

تفسیر اپنے مصنف کی قراءت ہے، جیسے اس نے لکھی ویسے ہی پیش کی گئی ہے۔ ہمارا منہج

قوم کو تبلیغ

یعنی ایمان لےآؤگے تو اس سے پہلے اللہ کے جو حقوق تلف کئے ہیں وہ معاف کر دیگا، اور کفروشرارت پر جو عذاب آنا مقدر ہے ایمان لانے کی صورت میں وہ نہ آئیگا۔ بلکہ ڈھیل دیجائیگی کہ عمر طبعی تک زندہ رہو۔ حتّٰی کہ جانداروں کی موت و حیات کے عام قانون کےموافق اپنے مقرر وقت پر موت آئے۔کیونکہ اس سے تو بہرحال کسی نیک و بدکو چارہ نہیں۔

عذاب کی وعید

یعنی ایمان نہ لانے کی صورت میں عذاب کا جو وعدہ ہے اگر وہ سر پر آکھڑا ہوا تو کسی کے ٹالے نہیں ٹلے گا نہ ایک منٹ کی ڈھیل دی جائیگی۔ یا یہ مطلب ہو کہ موت کا وقت معین پر آناضروری ہے اس میں تاخیر نہیں ہو سکتی۔ والظاہر ہوالاول۔ حضرت شاہ صاحبؒ ان آیات کی تقریر ایک اور طرح کرتے ہیں۔ "یعنی بندگی کروکہ نوع انسان دنیا میں قیامت تک رہے۔ اور قیامت کو تو دیر نہ لگے گی اور جو سب مل کر بندگی چھوڑ دو تو سارے ابھی ہلاک ہوجاؤ"۔ طوفان آیا تھا ایساہی کہ ایک آدمی نہ بچے۔ حضرت نوحؑ کی بندگی سے انکا بچاؤ ہوگیا۔

یعنی اگر تم کو سمجھ ہےتو یہ باتیں سمجھنے اور عمل کرنے کی ہیں۔