حضرت ابو خیثمہ کا واقعہ
یعنی رسول ﷺ تو تکلیفییں اٹھائیں اور ہم آرام سے بیٹھے رہیں ایسا نہیں چاہئے حدیث میں ہے کہ ابو خیثمہؓ بھی غزوہ تبوک میں پیچھے رہ گئے تھے۔ حضور ﷺ کی روانگی کے بعد باغ میں گئے وہاں خوشگوار سایہ تھا حسین و جمیل بیوی سامنے تھی اس نے پانی چھڑک کر زمین کو خوب ٹھنڈا کر دیا چٹائی کا فرش کیا۔ تازہ کھجور کے خوشے سامنے رکھے اور سرد و شیریں پانی حاضر کیا ۔ یہ سامان عیش دیکھ کر دفعۃً ابو خیثمہؓ کے دل میں ایک بجلی سی دوڑ گئ۔ بولے تف ہے اس زندگی پر کہ میں تو خوش گوار سائے ٹھنڈے پانی اور باغ و بہار کے مزے لوٹ رہا ہوں اور خدا کا محبوب پیغمبر ایسی سخت لو اور گرمی و تشنگی کے عالم میں کوہ و بیابان طے کر رہا ہے۔ یہ خیال آتے ہی سواری منگائی ، تلوار حمائل کی ، نیزہ سنبھالا اور حضور ﷺ کے نقش قدر پر چل نکلے۔ اونٹنی تیز ہوا کی طرح چل رہی تھی ، آخر لشکر کو جا پکڑا۔ حضور ﷺ نے دور سے دیکھ کر کہ کوئی اونٹنی سوار ریت کے ٹیلے قطع کرتا چلا آ رہا ہے ، فرمایا "کن ابا خثیمہ" (ہو جا ابو خثیمہ) تھوڑی دیر میں سب نے دیکھ لیا کہ وہ ابو خثیمہؓ ہی تھے۔ رضی اللہ عنہ و عن سائر الصحابۃ رضوا عنہ۔
یعنی باوجودیکہ ان میں سے اکثر چیزیں (مثلاً بھوک ، پیاس لگنا ، یا تکلیف پہنچنا) اختیاری کام نہیں ہیں، تاہم نیت جہاد کی برکت سے ان غیر اختیاری چیزوں کے مقابلہ میں اعمال صالحہ ان کی فرد حسنات میں درج کر دیے جائیں گے جن پر خدا اجر نیک مرحمت فرمائے گا۔