حضرت ابراہیم علیہ السلام کے مہمان فرشتے
اس سورت کے قصص کی ترتیب "اعراف کی ترتیب" کے موافق ہے۔ صرف قوم لوط کے قصہ سے پہلے یہاں ابراہیمؑ کا تھوڑا سا قصہ بیان فرمایا ہے۔ مگر تعبیر ایسی رکھی جو ظاہر کرتی ہے کہ مقصود اصلی لوطؑ کا قصہ بیان کرنا ہے۔ چونکہ اس میں اور ابراہیمؑ کے قصہ میں کئ طرح کی مناسبت اور تعلق پایا جاتا تھا اس لئے بطور تمہید و توطیہ ابراہیمؑ کا قصہ مذکور ہوا۔ لوطؑ حضرت ابراہیمؑ کے خالہ زاد بھائی ہیں جو آپ کے ہمراہ عراق سے ہجرت کر کے آئے ۔ ایک ہی جماعت فرشتوں کی دونوں کے پاس بھیجی گئ۔ حضرت ابراہیمؑ نے قوم لوط کی ہلاکت کے مسئلہ میں فرشتوں سے بحث کی جو آگے آتی ہے۔ یہ فرشتے نہایت حسین و جمیل نوجوانوں کی شکل میں لوطؑ کی طرف جاتے ہوئے حضرت ابراہیمؑ کے پاس خوشخبری لے کر آئے کہ حق تعالیٰ نے ان کو اپنا خلیل بنایا ہے اور اس بڑھاپے میں حضرت سارہ کے بطن سے بیٹا عطا کرنے والا ہے۔ نیز یہ کہ قوم لوط کے بدمعاشوں اور ظالموں کے وجود سےعنقریب دنیا پاک کر دی جائے گی۔