باپ بیٹوں کا سجدہ تعظیمی
یوسفؑ نے اپنی طرف سے والدین کی تعظیم کی ، تخت پر بٹھلایا لیکن خدا کو یوسفؑ کی جو تعظیم کرانی تھی اسے یوسفؑ کب روک سکتے تھے۔ اس وقت کےدستور کے موافق ماں باپ اور سب بھائی یوسفؑ کے آگے سجدہ میں گر پڑے ۔ یہ سجدہ تعظیمی تھا جو بقول حافظ عمادالدین ابن کثیر آدم کے زمانہ سے مسیحؑ کے عہد تک جائز رہا۔ البتہ شریعت محمدیہ نے ممنوع و حرام قرار دیا۔ جیسا کہ احادیث کثیرہ اس پر شاہد ہیں ۔ بلکہ حضرت شاہ عبدالقادرؒ نے وَّ اَنَّ الۡمَسٰجِدَ لِلّٰہِ (الجن۔۱۸) الخ سے حرمت کا اشارہ نکالا ہے بعض مفسرین نے اس جگہ سجدہ کے معنی متبادر مراد نہیں لئے۔ محض جھک جانے کے معنی لئے ہیں۔ بعض کہتے ہیں کہ یہ سجدہ یوسفؑ کو نہ تھا بلکہ یوسفؑ کی عزت و عظمت دیکھ کر سب نے خدا کے سامنے سجدہ شکر ادا کیا۔ اس تقدیر پر وَخَرُّوْالَہٗ میں لام سببیۃ ہو گا۔ یعنی یوسفؑ کے عروج و اقتدار کے سبب سے خدا کے آگے سجدہ میں گر پڑے (تنبیہ) تعظیم اور عبادت دو الگ الگ چیزیں ہیں ۔ غیر اللہ کی تعظیم کلیۃً ممنوع نہیں ، البتہ غیر اللہ کی عبادت شرک جلی ہے ۔ جس کی اجازت ایک لمحہ کے لئے بھی کبھی نہیں ہوئی ، نہ ہو سکتی ہے ، "سجود و عبادت" یعنی غیر اللہ کو کسی درجہ میں نفع و ضرر کا مستقل مالک سمجھ کر سجدہ کرنا شرک جلی ہے۔ جس کی اجازت کبھی کسی ملت سماوی میں نہیں ہوئی۔ ہاں "سجود تعظیم" یعنی عقیدہ مذکورہ بالا سے خالی ہو کر محض تعظیم و تکریم کے طور پر سر بسجود ہونا شرائع سابقہ میں جائز تھا۔ شریعت محمدیہ علیٰ صاحبہا الصلوٰۃ والتسلیم نے اس کی بھی جڑ کاٹ دی ۔ حضرت شاہ ولی اللہ نے "حجۃ اللہ البالغہ" میں اقسام شرک پر جو دقیق بحث کی ہے اسے دیکھنا چاہئے۔
یعنی میرا اس میں کچھ دخل نہیں ۔ خواب کی تعبیر پوری ہونی تھی وہ خدا نے پوری کر دکھائی۔
حضرت یوسف علیہ السلام کا تذکیر نعمت
خدا تعالیٰ کے احسانات ذکر فرمائے اور اس کی تدبیر لطیف کی طرف توجہ دلائی کہ کس طرح مجھ کو قید سے نکال کر ملک کا حاکم و مختار بنا دیا۔ اور اس جھگڑے کے بعد جو شیطان نے ہم بھائیوں میں ڈال دیا تھا جبکہ کوئی امید دوبارہ ملنے کی نہ رہی تھی ، کیسے اسباب ہمارے ملاپ کے فراہم کر دیے ۔ اس موقع پر اپنی مصائب و تکالیف کا کچھ ذکر نہ کیا نہ کوئی حرف شکایت زبان پر لائے ، بلکہ بھائیوں کے واقعہ کی طرف بھی ایسے عنوان سے اشارہ کیا کہ کسی فریق کی زیادتی یا تقصیر ظاہر نہ ہونے پائے۔ مبادا بھائی سن کر محجوب ہوں ۔ اللہ اکبر ، یہ اخلاق پیغمبروں کے سوا کس میں ہوتے ہیں۔