مواد پر جائیں
Quran Maqasid

سورہ یوسف آیت 101 پر تفسیر عثمانی

تفسیر عثمانی، از شیخ الاسلام مولانا شبیر احمد عثمانی

۞ رَبِّ قَدْ ءَاتَيْتَنِى مِنَ ٱلْمُلْكِ وَعَلَّمْتَنِى مِن تَأْوِيلِ ٱلْأَحَادِيثِ ۚ فَاطِرَ ٱلسَّمَـٰوَٰتِ وَٱلْأَرْضِ أَنتَ وَلِىِّۦ فِى ٱلدُّنْيَا وَٱلْـَٔاخِرَةِ ۖ تَوَفَّنِى مُسْلِمًا وَأَلْحِقْنِى بِٱلصَّـٰلِحِينَ ﴿١٠١﴾
آیت، اس کے الفاظ اور ترجمہ

تفسیر اپنے مصنف کی قراءت ہے، جیسے اس نے لکھی ویسے ہی پیش کی گئی ہے۔ ہمارا منہج

اسی سورت کے پہلے رکوع میں تَاۡوِیۡلِ الۡاَحَادِیۡثِ کی تفسیر گذر چکی۔

حضرت یوسف علیہ السلام کی دعا

یا تو لقاء اللہ کے شوق میں فی الحال موت کی تمنا کی یا یہ مطلب ہے کہ جب کبھی موت آئے اسلام (یعنی کامل تسلیم و رضا) پر آئے (تنبیہ) حدیث میں آیا ہے کہ کوئی شخص کسی مصیبت اور تکلیف سے گھبرا کر موت کی تمنا نہ کرے ۔ اس سے مفہوم ہوتا ہے کہ جب لقاء اللہ یا اور کسی غرض صالح کی وجہ سےموت کی تمنا کر سکتا ہے۔ جیسے ساحرین فرعون نے دعا کی تھی اَفۡرِغۡ عَلَیۡنَا صَبۡرًا وَّ تَوَفَّنَا مُسۡلِمِیۡنَ (اعراف۔۱۲۶)۔ یا حضرت مریمؑ نے کہا تھا ۔ یٰلَیۡتَنِیۡ مِتُّ قَبۡلَ ہٰذَا وَ کُنۡتُ نَسۡیًا مَّنۡسِیًّا (مریم۔۲۳) اور معاذ کی حدیث میں ہے ۔ وَاِذَا اَرَدْتَّ بِقَوْمٍ فِتْنَۃً فَاقْبِضْنِیْ اِلَیْکَ غَیْرَ مَفْتُوْنٍ اور مسند احمد میں حدیث ہے یَکْرہُ الْمَوْتَ وَالْمَوْتُ خَیْرٌ لِلْمُؤمِنِ مِنَ الفِتَن ۔ حضرت علیؓ نے ہجوم فتن کے وقت دعا کی ۔ اَللّٰھُمَّ خُذْنِی اِلَیْکَ فَقَدْ سَئِمْتُھُمْ وَسَئِمُوْنِیْ امام بخاری کو جب امیر خراسان کے ساتھ جھگڑا پیش آیا تو یہ دعا کرنی پڑی اَللّٰھُمَّ تَوَفَّنِیْ اِلَیْکَ حدیث میں ہے کہ خروج دجال کے وقت ایک شخص کسی قبر پر گذرے گا اور فتن و زلازل کو دیکھ کر کہے گا ۔ یَالَیْتَنِیْ مَکَانَکَ کاش کہ میں تیری جگہ ہوتا۔

یہ لفظ ایسے ہیں جیسا کہ نبی کریم ﷺ مرض الموت میں فرماتے تھے ۔ اَللّٰھُمَّ فِی الرَّفِیْقَ الْاَعْلٰی ۔ حضرت شاہ لکھتے ہیں "علم کامل پایا ، دولت کامل پائی ، اب شوق ہوا اپنے باپ دادا کے مراتب کا ۔ گویا اَلْحِقْنِیْ بِالصّٰلِحِیْنَ سے یہ غرض ہوئی کہ میرا مرتبہ اسحاقؑ و ابراہیمؑ کے مراتب سے ملا دے۔ حضرت یعقوبؑ کی زندگی تک ملکی انتظامات میں رہے۔ ان کی وفات کے بعد اپنے اختیار سے چھوڑ دیا۔ مفسرین لکھتے ہیں کہ حضرت یعقوبؑ نے وصیت فرمائی تھی کہ میری لاش "شام" لیجا کر دفن کرنا چنانچہ جنازہ وہیں لے گئے۔ حضرت یوسفؑ نے فرمایا تھا کہ ایک زمانہ آئے گا جب "بنی اسرائیل" مصر سے نکلیں گے ۔ اس وقت میری لاش بھی اپنے ہمراہ لے جائیں۔ چنانچہ حضرت موسٰیؑ جب بنی اسرائیل کو لے کر مصر سے نکلے ، حضرت یوسفؑ کا تابوت بھی ساتھ لے گئے واللہ اعلم۔